پاکستان
Time 24 اکتوبر ، 2020

علی عمران کی گمشدگی آزادی اظہار رائے پر حملہ ہے: بلاول

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جیو نیوز کے رپورٹر علی عمران سید کی گمشدگی کو آزادی اظہار  رائے پر حملہ قرار دے دیا۔

بلاول بھٹو نے جیو کے صحافی علی عمران سید کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی گمشدگی کے واقعات سے دنیا بھر میں پاکستان کا منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔

انہوں نے علی عمران سید کی گمشدگی کو آزادی اظہار رائے پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آوازوں کو کچلنے کے عمل کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت میں میڈیا جبر کے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔

پیپلز  پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے بھی  اپنے بیان میں کہا ہے کہ جیو کے رپورٹر علی عمران سید کی گمشدگی انتہائی تشویش ناک ہے، اگر صحافی کی گمشدگی کے حوالے سے شبہات درست ہیں تو پاکستان ایک بنانا ری پبلک میں بدل چکا ہے۔

سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پہلے ہی پاکستان دنیا میں صحافیوں کے لیے خطرناک ترین ممالک میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے، موجودہ دور حکومت میں پاکستان میڈیا کی آزادی کے حوالے سے تنقید کی زد میں ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا صحافی کی گمشدگی کا تعلق کراچی واقعے کے حوالے سے رپورٹنگ ہے؟ آزادی صحافت پر اس طرز کے حملے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی کی وجہ بن رہے ہیں، اگر  آج کے دن علی عمران سید کو بازیاب نہیں کرایا گیا تو معاملہ سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی میں اٹھایا جائے گا۔


مزید خبریں :