24 اکتوبر ، 2020
محدود اوورز کی کرکٹ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ان کے نائب شاداب خان نے جارحانہ اور مثبت حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
دونوں کھلاڑی پہلی مرتبہ ایک روزہ کرکٹ فارمیٹ میں یہ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان شیڈول تین ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور تین نومبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ تینوں میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ کا حصہ ہیں جو کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے۔
اس سلسلے میں لاہور کے مقامی ہوٹل میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان نے سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے واضح کیا کہ جس طرح کھیل میں جدت آرہی ہے، اس کی رفتار بڑھتی جارہی ہے، ہمیں بھی مثالی فٹنس قائم کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بطور کپتان اور نائب کپتان ہمیں اپنی فٹنس سے دوسروں کے لیے مثال قائم کرنی ہے۔
شاداب خان نے کپتان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ میں شامل کئی کرکٹرز ان سے فٹنس پر بات کرنے آتے ہیں۔ وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان کا کہنا تھا کہ وہ زمبابوے کو تر نوالہ نہیں سمجھیں گے، آئی سی سی مینز ورلڈ سپر لیگ کا ایک ایک پوائنٹ بہت قیمتی ہے، لہٰذاوہ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زمبابوے کے خلاف میچز میں کامیابی سے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
کپتان بابراعظم نے کہا کہ پاکستان کو آئندہ چند ماہ بہت کرکٹ کھیلنی ہے اور اس میں جارحانہ حکمت عملی اپنا کر و ہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک بار پھر عالمی رینکنگ کی ٹاپ ٹیموں میں شامل کرنے کے خواہشمند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بحثیت مجموعی ہمیں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ، تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
بابراعظم نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں ہمیں ہوم ایڈوانٹج حاصل ہوگا مگر ہم اسٹیڈیم میں مداحوں کی کمی ضرور محسوس کریں گے، کوشش کریں گے کہ اپنی کارکردگی کے ذریعے گھروں میں بیٹھے فینز کو کووڈ 19 کی صورتحال میں خوشی کا موقع فراہم کرسکیں۔
انہوں نے فینز سے درخواست کی ہے کہ وہ دورہ انگلینڈ اور نیشنل ٹی ٹوٗنٹی کپ کی طرح انہیں گھروں سے بیٹھ کر ٹیم کو سپورٹ کریں۔