Geo News
Geo News

Time 27 اکتوبر ، 2020
انٹرٹینمنٹ

شان ارطغرل غازی کے بارے میں اب کیا سوچتے ہیں؟

— اسکرین گریب 

پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار شان شاہد کا کہنا ہے کہ  ارطغرل غازی ایک بہترین ڈرامہ ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ لوگوں کو یہ بھی  معلوم ہو کہ اسلام برصغیر میں کیسے آیا۔

ارطغرل غازی خلافت عثمانیہ کی تاریخ پر مبنی ترکی کا معروف ترین ڈرامہ ہے جو کہ اس وقت پاکستان کے سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے اور لوگوں میں بے انتہا مقبول ہے۔

پاکستان ٹیلی وژن ایک عرصے تک بہترین کہانی اور مضبوط کرداروں کی وجہ سے منفرد پہچان رکھتا تھا لیکن گزشتہ کچھ برسوں کے دوران پی ٹی وی کے ڈرامے پس پشت چلے گئے۔

عرب نیوز کو اپنے حالیہ انٹرویو میں شان نے  جہاں ترک ڈرامے کی تعریف کی وہیں سوال اٹھایا کہ پچھلے 10 سے 15 سالوں کے دوران پی ٹی وی صارفین کے لیے اچھا مواد کیوں نہیں پیش کر سکا؟

انہوں نے کہا کہ یہ میرا حق ہے کہ میں پی ٹی وی سے پوچھوں کہ پچھلے 10 سے 15 سالوں کے دوران پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) صارفین کے لیے اچھا مواد کیوں نہیں پیش کر سکا؟

اداکار شان شاہد نے ارطغرل غازی ایک بہترین ڈرامہ ہے، میں چاہتا ہوں کہ لوگوں کو یہ بھی معلوم ہو کہ اسلام برصغیر میں کیسے آیا۔

انہوں نے کہا اس تاریخی موضوع پر ڈرامہ یا سیریز بننی چاہیے کہ اسلام اس خطے میں کیسے آیا اور پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) کو اس پر کام کرنا چاہیے۔

اداکار نے مزید کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اس وقت پی ٹی وی میں پروگرامنگ کون دیکھ رہا ہے لیکن جو بھی کر رہا ہے اسے جاگنے کی ضرورت ہے اور اپنے فرائض انجام دینے چاہیئں۔

خیال رہے کہ اداکار شان شاہد سوشل میڈیا پر مسلسل ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی نشر کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے نظر آئے ہیں۔