پاکستان
Time 27 اکتوبر ، 2020

پاکستان کا فرانس میں 3 ماہ سے کوئی سفیر ہی نہیں: رپورٹ

قومی اسمبلی میں احتجاجی قرار داد پیش کرنے والوں میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی شامل تھے، وہ یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ فرانس میں کوئی سفیر نہیں— فوٹو:فائل 

گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے بعد یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ فرانس سے پاکستانی سفیر کو واپس بلایا جائے تاہم فرانس میں 3 ماہ سے پاکستان کا کوئی سفیر ہی تعینات نہیں۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر قرار داد منظور کی ہے کہ بطور احتجاج فرانس سے اپنا سفیر واپس بلایا جائے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ 3 ماہ سے فرانس میں پاکستان کا کوئی سفیر ہی نہیں ہے۔

3 ماہ قبل پاکستانی سفیر معین الحق نے فرانس سے چارج چھوڑ دیا تھا۔ ان کے چین تبادلے کے بعد سے فرانس میں سفیر کی جگہ پُر نہیں کی گئی۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی میں احتجاجی قرار داد پیش کرنے والوں میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی شامل تھے اور وہ یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ فرانس میں فی الحال کوئی پاکستانی سفیر نہیں، وہاں ڈپٹی ہیڈ امجد عزیز قاضی سفیر کے کاموں کو دیکھ رہے ہیں۔ 

خیال رہے کہ آج بھی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس سے اپنے سفیر کو مشاورت کیلئے بلوانا پڑا تو بلائیں گے، پارلیمنٹ سے رہنمائی لیں گے۔

مزید خبریں :