29 اکتوبر ، 2020
محکمہ صحت پنجاب نے کورونا کیس میں اضافے کے پیش نظر کل بروز جمعہ سے جزوی پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکرٹری صحت محمد عثمان نے کہا ہے کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 2 فیصد سے بڑھنے پر پابندیاں لگیں گی، لاہور اور راولپنڈی میں مریضوں کی تعداد 2 فیصد سے زیادہ ہے۔
محمد عثمان کا کہنا ہے کہ 30 اکتوبر بروز جمعہ سے لاہور کے شاپنگ مال، دکانیں اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند ہوا کریں گے، تفریحی پارک شام 6 بجے بند ہوں گے جب کہ شادی ہالز کا وقت پہلے ہی رات 10 بجے تک ہے۔
سیکرٹری صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ پابندیوں کا اطلاق ادویات کی دکانوں، بیکریوں اور دودھ دہی کی دکانوں پر نہیں ہو گا۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافے کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کنٹرول (این سی او سی) نے بھی شادی ہالز اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔