کاروبار
Time 29 اکتوبر ، 2020

کورونا کی دوسری لہر : لاک ڈاؤن خدشات کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی

عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 5.42 فیصد کمی کے ساتھ 37 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے،فوٹو: فائل

کورونا وائرس کی دوسری لہرکے باعث لاک ڈاؤن کے خدشات کے پیش نظر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 5 فیصد تک گرگئیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق کورونا کی دوسری لہرکے باعث خدشہ ہےکہ دنیا بھر میں ایک بار پھر سے سخت لاک ڈاؤن کیا جاسکتا ہے جس کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی مانگ میں کمی ہوسکتی ہے۔

انہی خدشات کے باعث عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ ( ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمتوں میں 5.75 فیصد کی کمی دیکھی گئی اور دسمبر میں فراہمی کے لیے امریکی خام تیل 35.24  ڈالر فی بیرل پر فروخت ہوا۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 5.42 فیصد کمی کے ساتھ 37 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔

خیال رہےکہ رواں سال دنیا بھر میں کورونا بحران کے باعث طلب میں کمی کی وجہ سے تیل کی قیمتیں گراوٹ کا شکار رہی ہیں اور اپریل میں جب مختلف ممالک نے لاک ڈاؤن کیا تھا تو ایک وقت  امریکی خام تیل بدترین گراوٹ کا شکار ہوکر صفر کی سطح سے بھی نیچے چلا گیاتھا۔