30 اکتوبر ، 2020
پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے انڈین چینل کے شو میں بھارتی میجر کی بولتی بند کر دی جب کہ بھارتی چینل نے اپنے میجر کی بے عزتی ہوتے دیکھ کر پاکستان کے رکن پنجاب اسمبلی کا مائیک ہی بند کر دیا۔
لاہور سے جاری بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بھارتی چینل نے منتیں کر کے وقت لیا تھا اور طے پایا تھا کہ مائیک بند نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دو بھارتی طیارے گرانے اور بھارت کے اسکواڈرن لیڈر ابھی نندن کو چائے پلا کر واپس بھیجنے کی بات پر اینکر اور میجر گورو آریا کو چُپ کروا دیا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بھارت نے عمران خان کی منتیں کر کے ابھی نندن کو واپس لیا تھا، اس کی واپسی پر بھارتی عوام کو عمران خان کی مورتی بناکر پوجنا چاہیے۔