Time 30 اکتوبر ، 2020
پاکستان

مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، صدر آزادکشمیر

آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے ادارے کبھی حل نہیں کریں گے، کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، بھارت کا منصوبہ ہے کہ وہ کشمیریوں کو مجبور کر دے کہ یا وہ دین چھوڑ دیں یا کشمیر سے نکل جائیں۔

آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں اور پاکستانیوں سے روز کشمیر چھین رہا ہے، ہمارے پاس وقت کم ہے اگر نہ جاگے تو کشمیر ہاتھ سے جاتا رہے گا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کر رہاہے۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں تقریر کی تو سب نے شاباش دی، واپسی پر عمران خان نے کہا جو کشمیر کی طرف جائے گا وہ غدار ہوگا، عمران خان کا یہ بیان شکست خوردہ پالیسی کا عکاس ہے، عوام تقریریں سن سن کر تنگ آچکے ہیں، اب کچھ عملی طور پر پر کر کے دکھائیں۔

دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فرانس سوچی سمجھی سازش کے تحت تہذیوں کا تصادم چاہتا ہے، مسلم حکمران فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیں، منصوعات کا بائیکاٹ کیا جائے اور فوری طور پراو آئی سی کا اجلاس بلایا جائے۔

سراج الحق نے کہا کہ پوری قوم فرانس کے صدر میکرون اور شیطانی ایجنٹوں کی مذمت کرتی ہے، فرانس کے ساتھ تمام تجارتی معاہدے ختم کئے جائیں۔

مزید خبریں :