Time 31 اکتوبر ، 2020
پاکستان

گلگت بلتستان الیکشن: علی امین گنڈا پور کی ووٹ کے بدلے پیسے دینے کی پیشکش

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے گلگت بلتستان (جی بی) کے حلقہ اے ٹو گلگت ٹو میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو پیشکش کی کہ حلقے کے عوام الیکشن میں جتنے ہزار ووٹوں کی لیڈ دیں گے وہ اتنے ہزار کروڑ روپے اس علاقے کے لیے دیں گے۔

وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا فیصلہ 4 ماہ قبل ہی ہوگیا تھا لیکن بلاول نے کہا تھا کہ الیکشن کے بعد گلگت بلتستان کو صوبہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اداروں کی عزت کرتی ہے، ان کی بات مانی اور صوبے کا فیصلہ الیکشن کے بعد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

گلگت بلتستان کے حلقہ جی بی اے ٹو گلگت ٹو میں انتخابی جلسے سے خطاب میں یہ بھی کہا کہ حلقے کے عوام الیکشن میں جتنے ہزار ووٹوں کی لیڈ دیں گے وہ اتنے ہزار کروڑ روپے انہیں اس علاقے کے لیے دیں گے۔

اس کے جواب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لوگ پیسے لے لیں لیکن ووٹ پیپلز پارٹی کو دیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ریٹرننگ افسر دیامر نے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کو دیامر کے حلقے میں پروٹوکول نہ دینے اور انتخابی مہم میں شرکت نہ کرنے دینے کی ہدایات جاری کیں تھیں۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 میں سے 23 نشستوں کیلئے 15 نومبر کو پولنگ ہوگی۔

مزید خبریں :