02 نومبر ، 2020
الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کے خلاف نا اہلی کیس میں ان کے وکیل کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت کی۔
فیصل واوڈا کی جانب سے کوئی بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوا۔ اس پر درخواست گزار کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے ریٹرننگ افسر کو امریکن پاسپورٹ نہیں دکھایا۔
الیکشن کمیشن کے ممبر ارشاد قیصر کا کہنا تھا کہ آپ کا کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی چل رہا ہے۔
اس دوران الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کے وکیل کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا آخری موقع دیا۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ جس کے خلاف الزام ہے، اس کا سماعت پر ہونا ضروری ہے۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت 24 نومبر تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔