Time 23 اکتوبر ، 2020
پاکستان

فیصل واوڈا نے اثاثے اور دوسری شادی چھپائی، اسپیکر قومی اسمبلی کو نااہلی کی درخواست جمع

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو درخواست جمع کرا دی گئی۔

سینئر قانون دان کامران مرتضیٰ کی وساطت سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر نے اپنے اثاثے اور شہریت چھپائی۔

اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کرائی گئی درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے لندن میں 9 قیمتی جائیدادیں چھپائیں، فیصل واوڈا نے اپنے اثاثوں اور کاغذات نامزدگی میں یہ اثاثے ظاہر نہیں کیے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر نے اپنی دوسری شادی بھی ظاہر نہیں کی، آئین کے آرٹیکل 63 کی شق نمبر 2 کے تحت فیصل واوڈا کو نااہل قرار دیا جائے۔

سینئر قانون دان کی وساطت سے جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ جھوٹا بیان حلفی دینے پر فیصل واوڈا صادق اور امین نہیں رہے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق کیس الیکشن کمیشن میں بھی زیر سماعت ہے۔

مزید خبریں :