دنیا
Time 05 نومبر ، 2020

امریکی صدارتی انتخاب: جوبائیڈن جیت کے انتہائی قریب پہنچ گئے

فوٹو: بشکریہ بی بی سی

امریکا میں صدارتی انتخاب کی پولنگ کے بعد نتائج کا سلسلہ جاری ہے  جس میں ٹرمپ اور جوبائیڈن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہورہا ہے۔

امریکی عہدہ صدارت پر براجمان ہونے اور وائٹ ہاؤس کا مہمان بننے کے لیے صدارتی امیدوار کو 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن نے 264 اور ری پبلکن امیدوار امریکی صدر  ٹرمپ نے اب تک 214 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق  23 ریاستوں میں ری پبلکن امیدوار ٹرمپ اور 19 ریاستوں میں ڈیموکریٹک امیدوار بائیڈن کو برتری حاصل ہے جب کہ 8 ریاستوں کےنتائج آنا ابھی باقی ہیں۔

ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن نے 29 الیکٹورل ووٹ حاصل کرکے نیویارک سے میدان مار لیا ہے اور کولوراڈو سے بھی 9 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔

 امریکا بھر میں ہماری پوزیشن مستحکم نظر آرہی ہے: ٹرمپ

امریکی صدر ٹرمپ نے ساؤتھ ڈکوٹا سے 3 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے اور نارتھ ڈکوٹا سے بھی 3 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جب کہ ٹرمپ الاباما سے بھی 9 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔

جوبائیڈن اوریگن سے 7، واشنگٹن سے 12 اور کیلی فورنیا سے 55 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں ۔

امریکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹس نے ریاست ایری زونا میں کامیابی حاصل کرلی ہے جہاں سے 2016 کے انتخابات میں ٹرمپ کامیاب ہوئےتھے۔

ریاست اوہائیو سے ٹرمپ نے 18 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیے اور ٹیکساس سے انہیں 38 الیکٹورل ووٹ ملے ہیں۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا بھر میں ہماری پوزیشن مستحکم نظر آرہی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق انڈیانا، نبراسکا، اوکلاہوما،کنٹکی میں ڈونلڈٹرمپ کامیاب ہوگے ہیں۔

 صدارتی انتخاب میں ڈرامائی موڑ آگیا ہے اور 3 سوئنگ اسٹیٹس مشی گن، وسکونسن نیواڈا سمیت ایری زونا میں بائیڈن جیت رہے ہیں ،ان ریاستوں میں کامیابی کی صورت میں وائٹ ہاؤس جانے کے لیے درکار 270 الیکٹورل ووٹ بائیڈن کے ہوجائیں گے۔

دوسری جانب پنسلوینیا، نارتھ کیرولائنا، جارجیا اور الاسکا میں ٹرمپ آگے ہیں ان 4 ریاستوں میں کامیابی کے بعد بھی ٹرمپ کے267 الیکٹورل ووٹ ہوں گے۔

خیال رہے کہ  ڈونلڈ ٹرمپ نے مکمل نتائج سے قبل ہی انتخاب میں کامیابی کا دعویٰ اور ساتھ ہی فراڈ کا الزام بھی لگاتے ہوئے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا ہے۔

ٹرمپ کاکہنا ہے کہ نتائج آتے آتے رک گئے ہیں ، ایسا نہیں ہوسکتاکہ ووٹنگ ختم ہونے کے بعد ووٹ موصول ہوں اور گنتی میں شامل کیے جائیں، صاف کہیں تو وہ الیکشن جیت گئے ہیں ۔

 ڈیمو کریٹ امیدوار جو بائیڈن کاکہنا ہےکہ آخری ووٹ کی گنتی تک مقابلہ ختم نہیں ہوگا ، وہ کامیابی کے راستے پر چل رہے ہیں۔

مزید خبریں :