04 نومبر ، 2020
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام تر تحفظات کے باوجود ہم انتخابات جیت چکے اور بڑی کامیابی کا جشن منانے کے لیے تیار ہیں۔
عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جارجیا میں بھی فتح حاصل کر چکے ہیں، ٹیکساس اور شمالی کیرولینا میں بھی جیت چکے ہیں جب کہ مشی گن اور پنسلوانیا میں بھی آگے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی شہریوں نے ریکارڈ ووٹ کاسٹ کیے، ہم ایسی ریاست سے بھی جیت رہے ہیں جہاں توقع نہیں تھی، کئی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے جہاں ہم جیت رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ہم الیکشن میں جیت جائیں گے، بڑی کامیابی پر جلد بیان دوں گا، ہم کامیابی کا جشن منانے کے لیے تیار ہیں۔
امریکی صدر نے انتخابات میں کامیابی کے دعوے کے ساتھ دھاندلی کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ مختلف گروہوں نے انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی، اچانک سب چیزیں رک گئی، یہ دھاندلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب مزید ووٹنگ نہیں ہو سکتی، ووٹوں کی گنتی ہونا فراڈ ہے، اس معاملے پر سپریم کورٹ جاؤں گا۔
خیال رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔