Time 05 نومبر ، 2020
پاکستان

غذر کے لوگ جتنی ووٹوں کی لیڈ دیں گے یہاں اتنے پل بنادیں گے: علی امین گنڈاپور

حلقے کے تمام پل آر سی سی کے تعمیر ہوں گے، یہ بنیں گے نہیں، سمجھ لیں بن گئے ہیں: وفاقی وزیر — فوٹو:فائل 

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے گلگت کے ضلع غذر میں انتخابی جلسے میں مختلف منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے غذر کے علاقے اشکومن میں انتخابی جلسے سے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے گلگت بلتستان صوبہ بناکر عوام کی قربانیوں کا صلہ دیا، صوبہ بننے کے بعد گلگت بلتستان کے تمام مسائل حل ہوں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اشکومن کو سب ڈویژن کا درجہ دے رہاہوں، چٹورکھنڈ میں 50 بیڈ کا اسپتال تعمیر کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حلقے کے تمام پل آر سی سی کے تعمیر ہوں گے اور غذر کے لوگ جتنی ووٹوں کی لیڈ دیں گے یہاں اتنے پل بنادیں گے، یہ بنیں گے نہیں، سمجھ لیں بن گئے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ گلگت بلتستان کیلئے ایک لاکھ بوری اضافی گندم فراہم کی جائے گی جبکہ ایمت کے مقام سے جی بی اسکاؤٹس کی چوکی کو ہٹایا جاۓ گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے گلگت بلتستان (جی بی) کے حلقہ اے ٹو گلگت ٹو میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو پیشکش کی کہ حلقے کے عوام الیکشن میں جتنے ہزار ووٹوں کی لیڈ دیں گے وہ اتنے ہزار کروڑ روپے اس علاقے کے لیے دیں گے۔

مزید خبریں :