05 نومبر ، 2020
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کی کوششوں کا الزام لگادیا۔
گلگت بلتستان کے ضلع استور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان سے اسلام آباد میں ہوئی ملاقاتوں کی تفصیل مانگ لی، کہا کہ وفاقی وزیر سے الیکشن کمشنر نے ملاقات کیوں کی ؟
بلاول کاکہنا تھاکہ گلگت بلتستان کا ایک 'گندہ' وزیر جگہ جگہ پھر رہا ہے، ہر جگہ مہم کے لیے نیا کٹھ پتلی آجاتا ہے، وہ قانون کی خلاف ورزی کرکے یہاں آرہے ہيں اور پیسہ بانٹ رہے ہیں۔
ان کاکہنا تھاکہ ہماری باری میں کہتے ہیں مہم کیوں چلارہےہیں، یہ تو ہمارا حق ہے، میرے ساتھ گلگت بلتستان کےجوان، بزرگ اور خاتون ہیں، آپ نےجوکرنا ہےکر لیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کاکہنا تھاکہ عمران خان صوبہ بنانے کی بات پربہت دیر سے آئے، آپ اب بھی سوچ رہے ہو جب کہ آصف زرداری نے پہلے ہی گلگت کو عبوری صوبہ دے دیا تھا۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھاکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تمام سیاسی جماعتوں کو 95 نوٹسز جاری کیےگئے ہیں جن میں بلاول بھٹو زرداری بھی شامل ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کاکہنا تھا کہ تحریک انصاف کے وزراء اور سینیٹر بھی گلگت بلتستان پہنچ کر الیکشن قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔