06 نومبر ، 2020
کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے کراچی میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے اور شہریوں کے لیے ماسک لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خلاف ورزی پر 500 روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
کمشنر و ایڈ منسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہریوں کو لازمی ماسک پہننے کی ہدایت کریں اور یقینی بنائیں کہ شہری لازمی ماسک پہنیں۔
انہوں نے کہا کہ جو شہری اس ماسک پہننے کی ہدایت کی خلاف ورزی کریں ان کے خلاف کارروائی کریں اور 500 روپے تک جرمانہ عائد کریں۔
کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز دکانداروں اور مارکیٹوں پر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں دکانداروں کو پابند کریں کہ وہ خود بھی ماسک لگائیں اور بغیر ماسک خریداروں کو دکان میں داخل نہ ہونے دیں۔
کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ان دکانداروں اور مارکیٹ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کریں جو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد سے گریز کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا کی دوسری لہر جاری ہے اور گزشتہ روز ملک میں اب تک کی سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے مزید 30 اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 6923 ہو گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز سندھ میں 17، پنجاب میں 5، خیبر پختونخوا میں 3، اسلام آباد میں 2 اور آزاد کشمیر میں 2 اموات ریکارڈ کی گئیں۔