پاکستان
Time 06 نومبر ، 2020

کورونا کی دوسری لہر: ان ڈور شادی کی تقریبات پر پابندی عائد

کورونا وائرس کے روک تھام کیلئے بنائے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اِن ڈور شادی کی تقریبات پر 20 نومبر سے 31 جنوری 2021 تک پابندی عائد کردی۔

مُلک میں کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر این سی او سی نے اہم فیصلے کیے ہیں۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ آؤٹ ڈور شادی تقریبات میں ہزار سے زائد افراد کی شرکت ممنوع ہوگی جبکہ شادی کی تقریبات میں ضابطہ کار ( ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد بنانا لازمی ہوگا۔

این سی او سی کے مطابق اِن ڈور شادی کی تقریبات پر 20 نومبر سے 31 جنوری 2021 تک پابندی عائد کردی گئی ہے۔

کورونا کی روک تھام کے ادارے نے سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد عملہ کام کرے گا اور باقی گھر سے کام کریں گے۔

اس کے علاوہ کورونا وائرس کے ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

این سی او سی کے مطابق حکمت عملی کے تحت گلگت بلتستان ماڈل کو اپناتے ہوئے ماسک کا استعمال نہ کرنے پر 100 روپیہ جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

این سی اوسی کے مطابق شادی کی تقریبات کے علاوہ تمام فیصلوں پر عملدرآمد 7 نومبر سے شروع ہوگا اور 31 جنوری 2021 تک جاری رہے گا۔

این سی او سی نے بتایا کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ملتان زیادہ متاثرہ شہروں میں شامل ہیں جبکہ حیدر آباد، گلگت، مظفرآباد، میر پور، پشاور ، کوئٹہ، گوجرانوالا، گجرات، فیصل آباد، بہاولپور اور ایبٹ آباد میں بھی اسی حکمت عملی کا اطلاق کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس سے  30 ہلاکتیں اور 1376 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :