دنیا
Time 07 نومبر ، 2020

بھارتی نژاد کمالہ ہیرس امریکی تاریخ کی پہلی خاتون اور سیاہ فام نائب صدر منتخب

امریکا کے 59 ویں صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کی کامیابی کے ساتھ ساتھ کمالہ ہیرس تاریخ کی پہلی خاتون امریکی نائب صدر بن گئی ہیں۔

خیال رہے کہ بھارتی نژاد کمالہ ہیرس امریکی تاریخ کی پہلی خاتون، پہلی سیاہ فام اور پہلی جنوبی ایشیائی نژاد نائب صدر ہوں گی۔

کمالہ ہیرس امریکا کی 231 سالہ انتخابی تاریخ میں پہلی خاتون نائب صدر ہیں اور وہ اس عہدے پر پہنچنے والی 49 ویں شخصیت ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے اپنی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ جوبائیڈن کو فون پر کہ رہی ہیں کہ 'ہم نے کردکھایا، تم امریکا کے نئے صدر بننے جارہے ہو'۔

کمالہ ہیرس 20 اکتوبر1964امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر آکلینڈ میں پیدا ہوئیں ،وہ 2003 میں سان فرانسسکو کی اعلیٰ ڈسٹرکٹ اٹارنی منتخب کی گئیں اور 2010 اور 2014 میں کمالہ نے کیلیفورنیا کی اٹارنی جنرل کی حیثیت سے فرائض انجام دیے ۔

کمالہ 1984 میں ڈیموکریٹک جیرالڈین فریرو اور 2008 میں ریپبلکن سارہ پیلن کے بعد کسی بڑی جماعت کے لیے تیسری خاتون اور پہلی سیاہ فام خاتون نائب صدارتی امیدوار کی حیثیت سے انتخابات لڑرہی تھیں۔

56 سالہ کمالہ ہیرس کے مقابلے میں ری پبلکن امیدوار مائیک پینس تھے،کمالہ الیکٹرز کی جانب سے جوبائیڈن کے باضابطہ انتخاب کے بعد 20 جنوری 2021کو پہلی خاتون امریکی نائب صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گی۔

واضح رہے کہ کمالہ ہیرس کی والدہ کا تعلق بھارتی ریاست تامل ناڈو سے ہے جب کہ ان کے والد ویسٹ انڈیز کی ریاست جمیکا سے تعلق رکھنے والے ایک افریقن نژاد ہیں۔

مزید خبریں :