دنیا
Time 07 نومبر ، 2020

ٹرمپ کو شکست، جوبائیڈن امریکا کے صدر منتخب

امریکا کے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے اور اب وہ امریکا کے 46 ویں صدر ہوں گے۔

ریاست پنسلوانیا اور نیواڈا کے نتائج آنے کے بعد ڈیموکریٹک امیدوار 77 سالہ جوبائیڈن نے مطلوبہ 270 الیکٹورل ووٹس سے زیادہ ووٹ حاصل کرلیے جس کے بعد ٹرمپ عہدہ صدارت کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ریاست پنسلوانیا اور نیواڈا میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن نے ری پبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر بالترتیب 20 اور 6 الیکٹورل ووٹس اپنے نام کیے جس کے ساتھ ہی انہوں نے صدر بننے کیلئے مطلوبہ 270 الیکٹورل ووٹس کا ہندسہ عبور کرلیا۔

پنسلوانیا اور نیواڈا کا نتیجہ آنے کے بعد جو بائیڈن کے حاصل کردہ الیکٹورل ووٹس کی تعداد 290 ہوگئی ہے جبکہ ٹرمپ نے 214 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

مزید 3 ریاستوں میں گنتی جاری ہے جہاں ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد بائیڈن کی فتح کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، ان ریاستوں میں اگر ٹرمپ جیت بھی جائیں تو بائیڈن کی برتری پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

پنسلوانیا کا نتیجہ آنے سے کچھ دیر قبل ہی ٹرمپ نے ٹوئٹ میں اپنی جیت کا اعلان کیا تھا۔

جوبائیڈن 20 جنوری 2021 سے عہدہ صدارت پر براجمان ہوجائیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ 1992 میں جارج بش سینیئر کے بعد سے پہلے صدر ہیں جو مسلسل دوسری بار منتخب نہیں ہوسکے۔ 

خیال رہے کہ جو بائیڈن امریکی تاریخ میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے صدر ہیں جنہوں نے 7 کروڑ سے زائد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سات کروڑ ووٹ حاصل کیے ہیں اور وہ سب سے زیادہ ووٹ لینے کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہیں۔

امریکی انتخاب میں اس بار کورونا کی وجہ سے ڈاک کے ذریعے ووٹ اور قبل از انتخاب ووٹنگ کا آپشن دیا گیا تھا جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے گئے ہیں۔

بھارتی نژاد کمالہ ہیرس امریکی تاریخ کی پہلی خاتون اور سیاہ فام نائب صدر منتخب

امریکا کے 59 ویں صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کی کامیابی کے ساتھ ساتھ کمالہ ہیرس تاریخ کی پہلی خاتون امریکی نائب صدر بن گئی ہیں۔

خیال رہے کہ بھارتی نژاد کمالہ دیوی ہیرس امریکی تاریخ کی پہلی خاتون، پہلی سیاہ فام اور پہلی جنوبی ایشیائی نژاد نائب صدر ہوں گی۔

کمالہ ہیرس امریکا کی 231 سالہ انتخابی تاریخ میں پہلی خاتون نائب صدر ہیں اور وہ اس عہدے پر پہنچنے والی 49 ویں شخصیت ہیں۔

مزید خبریں :