10 نومبر ، 2020
پاکستان ریلویز نے اچانک 5 روز بعد 16 نومبر سے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
ڈویژنل سپرٹنڈنٹ (ڈی ایس ) ریلوے کے مطابق 16 نومبر کو پپری سے اورنگی ٹاؤن تک 60 کلومیٹرکے سفر کا آغاز ہوگا اور ٹریک کے لیے 4 ٹرینیں مختص کردی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرینیں 3، 3 گھنٹوں کے وقفے سے اپ اور ڈاؤن ٹریکس پر چلیں گی، صبح 7 بجے اورنگی ٹاؤن اسٹیشن سے پہلی ٹرین روانہ ہوگی، اس کے بعد صبح 10 بجے دوسری ٹرین روانہ ہوگی۔
خیال رہے کہ آج ہی سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے کیس میں سندھ حکومت اور ریلوے کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ہے۔
اعلیٰ عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری ریلویز کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے وجوہات طلب کی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان ریلوے نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی بحالی میں اب تک کی پیشرفت کی تفصیلات جاری کیں تھیں۔
رپورٹ کے مطابق کراچی سرکلر ریلوےکے پہلے مرحلے میں کراچی سٹی اسٹیشن سے منگھو پیر تک 12 کلو میٹر ٹریک بحال ہو چکا ہے جب کہ اورنگی اسٹیشن تک 14 کلومیٹر کا ٹریک مکمل کیاجائےگا جس پرکام جاری ہے۔