10 فروری ، 2012
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے، بلتستان ڈویژن میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے اتوار سے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔سندھ اورپنجاب میں سخت سردی کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔مالاکنڈڈویژن کے تمام علاقوں میں دھوپ نکلنے سے سردی کی شدت میں قدرے کمی آئی ہے اور موسم خوشگوارہوگیا ہے، تاہم بالائی علاقے بدستور سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ ہزارہ ڈویژن کے علاقوں ناران ، کاغان ، بٹ گرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں موسم جزوی طور پر ابرآلود ہے جبکہ کوہستان اور بلتستان ڈویژن کے تمام علاقوں میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ نشیبی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ کرم ایجنسی میں پاراچنار سمیت مختلف علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں لوگوں کو ضروری اشیاء کی قلت کا سامان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقے بھی سرد ہواوٴں کی لپیٹ میں ہیں۔فیصل آباد،گوجرانوالہ ،سرگودھا،خانیوال اورملتان سمیت پنجاب کے تمام اضلاع بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔سکھر سمیت بالائی سندھ کے دیہی علاقوں میں سخت سردی عوام کے معمولات زندگی بری طرح متاثر کررہی ہے۔