پی ایس ایل ٹیم کےکوچنگ اسٹاف کا ایک رکن کورونا کا شکار

مذکورہ فرد ایک ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ممبر ہے جو پاکستا ن کے سابق ٹیسٹ کرکٹر بھی ہیں،ذرائع

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 2020کے لیے کراچی میں موجود ایک ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ایک رکن کاکورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )ٌ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پی ایس ایل 2020 میں شریک ایک فرد کو اس کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پرفوری طور پر ٹیم ہوٹل کے آئسولیشن روم میں منتقل کردیا گیا ہے۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے تیار کردہ کووڈ 19پروٹوکولز کے تحت متاثرہ ممبر کی ٹیم کے دیگر کرکٹرز اور آفیشلز کاٹیسٹ لیا گیا ہے اور ان تمام کے نتائج منفی آئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ فرد ایک ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ممبر ہے جو پاکستا ن کے سابق ٹیسٹ کرکٹر بھی ہیں۔

خیال رہے کہ یہ پی ایس ایل کے  لیےکراچی میں موجود اسکواڈز  میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کا دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل ایک ٹیم میں شامل پاکستانی کرکٹر جوکہ ایک آل راؤنڈر ہیں کا ٹیسٹ بھی مثبت آچکا ہے۔

دونوں افراد مسلسل دو کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے تک آئسولیشن میں رہیں گے۔

مزید خبریں :