کھیل
Time 11 نومبر ، 2020

قرنطینہ قواعد کی خلاف ورزی پر ویسٹ انڈین ٹیم کو کیا سزا ملی؟

 کھلاڑیوں کے اس طرز عمل پر انتہائی افسوس ہے جس نے پورے دورے کو خطرے میں ڈال دیا ہے، ویسٹ انڈین کرکٹ چیف،فوٹو: سوشل میڈٰیا

نیوزی لینڈ میں موجود ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کےکھلاڑیوں کی جانب سےکورونا آئسولیشن قواعد کی خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔

خیال رہےکہ ویسٹ انڈین ٹیم 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنےکے لیے نیوزی لینڈ میں ہےاور اس وقت نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ کے ایک ہوٹل میں 2 ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں موجود ہے۔

نیوزی لینڈ کے محکمہ صحت کے حکام کی جانب سے شکایت کی گئی ہے کہ مہمان ٹیم کے کھلاڑی آئسولیشن کی خلاف ورزی کررہے ہیں اور قرنطینہ کےلیے بنائے گئے دونوں گروپ کے افراد نہ صرف ایک دوسرے سے مل رہے ہیں بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ کھاتے پیتے بھی دیکھے گئے ہیں۔

کیوی حکام کے مطابق مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے آئسولیشن کی خلاف ورزی کو سی سی ٹی وی کیمروں نے ریکارڈکیا ہے اور ہوٹل کے عملے نے بھی انہیں ملتے جلتے دیکھا ہے۔

حکام کی جانب سے مہمان کھلاڑیوں کی خلاف ورزیوں پر ان کو قرنطینہ کے دوران پریکٹس کے لیے دی جانے والی سہولیات واپس لے لی گئی ہیں۔

ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے چیف جونی گریو نے ہنگامی طور پر آن لائن ویڈیو پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ انہیں اپنے کھلاڑیوں کے اس طرز عمل پر انتہائی افسوس ہے جس نے پورے دورے کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ان کاکہنا تھاکہ کھلاڑیوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرکے نہ صرف خود کو خطرے میں ڈالا بلکہ ویسٹ انڈیز کے نام کو نیچا کرنے کے ساتھ نیوزی لینڈ کے عوام کی صحت کے لیے بھی ممکنہ خطرات پیدا کیے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے محکمہ صحت کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئےکہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں غیر ملکی ٹیم کی آمد کے دوران عوام کی صحت ان کی پہلی ترجیح ہے۔

مزید خبریں :