14 نومبر ، 2020
کراچی: سرکلر ریلوے کے انتظامات تاحال مکمل نہ ہوسکے جس کے باعث سرکلر ریلوے کا آغاز تاخیر کا شکار ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق پپری سے اورنگی ٹاؤن تک 14 کلو میٹر کا ٹریک مکمل کلیئر نہیں ہو سکا جب کہ اسٹیشنز تاحال بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں اور کھنڈر بنے ہوئے ہیں اور ٹریک کے راستوں میں پھاٹک بھی نہیں لگائے جا رہے۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب سرکلر ریلوے کا آغاز 16 نومبر کے بجائے 19 نومبر سے ہوگا جب کہ ٹکٹ بھی ٹرین کے اندر سے ٹکٹ چیکر سے ملےگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان ریلوے نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی بحالی میں اب تک کی پیشرفت کی تفصیلات جاری کی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق کراچی سرکلر ریلوےکے پہلے مرحلے میں کراچی سٹی اسٹیشن سے منگھو پیر تک 12 کلو میٹر ٹریک بحال ہو چکا ہے جب کہ اورنگی اسٹیشن تک 14 کلومیٹر کا ٹریک مکمل کیاجائےگا جس پرکام جاری ہے۔