14 نومبر ، 2020
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی ہدایات کی روشنی میں وفاقی حکومت نے کورونا کے پیش نظر سرکاری دفاتر میں حاضری 50 فیصد کم کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ این سی او سی کے فیصلے کے تحت پالیسی فریم ورک جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جوائنٹ سیکرٹریز روٹیشن کی بنیاد پر آفس میں حاضری شیڈول بنائیں، متعلقہ افسران گھر بیٹھ کر آفیشل کام کریں، اور اپنا ورکنگ اسٹیشن بغیر بتائے نہ چھوڑیں۔
کابینہ ڈویژن کے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ جوائنٹ سیکرٹریز اپنے ماتحت 50 فیصد عملے کی روٹیشن کی بنیاد پر آفس حاضری یقینی بنائیں، تمام افسران ایڈمن ونگ کی مشاورت سے اسٹاف کا ڈیوٹی روسٹر بنائیں۔
جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود افسران و ملازمین کو ماسک پہننے کی ہدایت کی جائے اور بیمار ہونے کی صورت میں ملازمین فوری طور پر اپنے افسر کو آگاہ کریں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری دفاتر میں کام ای فائلنگ کے ذریعے کیا جائے، فائل کی ہینڈ ٹو ہینڈ نقل و حرکت سے گریز کیا جائے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد کیے جائیں اور عام شہریوں کی کسی بھی دفتر میں آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی جائے۔