دنیا
Time 14 نومبر ، 2020

برطانیہ میں 2030 سے پیٹرول اور ڈیزل گاڑیاں فروخت نہیں ہوں گی؟

برطانوی وزیر اعظم آئندہ ہفتے اس حوالے سے اہم اعلان کریں گے، برطانیہ نے اس سے قبل 2035 سے ڈیزل اور پیٹرول پر چلنے والی گاڑیوں کی فروخت پر پابندی کا فیصلہ کیا تھا— فوٹو: رائٹرز

برطانیہ میں 2030 سے ڈیزل اور پیٹرول پر چلنے والے نئی گاڑیوں کی فروخت پر پابندی عائد کردی جائے گی۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ 2040 سے ڈیزل اور پیٹرول پر چلنے والی گاڑیوں کی فروخت پر پابندی عائد کردے گی تاہم بعد میں یہ ڈیڈ لائن 2035 کردی گئی اور اب 2030 کی جارہی ہے۔

اس حوالے سے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن آئندہ ہفتے اپنی ماحولیاتی پالیسی کے حوالے سے تقریر میں باضابطہ اعلان کریں گے۔

برطانوی حکومت کا یہ قدم گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کو کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ اس پابندی سے بعض ہائبرڈ گاڑیاں 2035 تک مستثنیٰ قرار دی جاسکتی ہیں کیوں کہ وہ برقی اور تیل سے حاصل کردہ توانائی کا استعمال کرتی ہیں۔

ڈیزل اور پیٹرول سے چلنے والی نئی گاڑیوں کی فروخت سے برطانیہ کی کار سازی کی صنعت میں ایک بہت بڑی تبدیلی رونما ہوگی، اس صنعت سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق رواں برس فروخت ہونے والے گاڑیوں میں سے 73 اعشاریہ 6 فیصد گاڑیوں ڈیزل اور پیٹرول انجن والی تھیں جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت محض 5 اعشاریہ 5 فیصد رہی کیوں کہ وہ اس وقت کافی مہنگی ہیں۔

مزید خبریں :