دنیا
Time 15 نومبر ، 2020

ٹرمپ نے بالواسطہ طور پر جوبائیڈن کی فتح کا اعتراف کرلیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  تاحال انتخابی نتائج کو قبول کرنے کے موڈ میں نظر نہیں آرہے اور  مسلسل دھاندلی کے الزامات عائد کررہے ہیں  تاہم اب انہوں نے بالواسطہ طور پر ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کی فتح کا اعتراف کرلیا ہے۔

ایک ٹوئٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا تھاکہ جوبائیڈن الیکشن میں دھاندلی کی وجہ سے جیتے ہیں، انتخابی مبصرین کو ووٹنگ کاعمل دیکھنےکی اجازت بھی نہیں دی گئی۔

 ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کی گنتی بائیں بازو کے نظریات رکھنے والی کی ایک نجی کمپنی کے ذریعےکرائی گئی جو کہ  ناقص آلات رکھنے کے حوالے سے خراب شہرت رکھتی ہے۔

امریکی صدر نے میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہےکہ بائیڈن نے صرف جعلی  میڈیا کی نظر میں کامیابی حاصل کی ہے، میں کچھ نہیں تسلیم کرتا، یہ دھاندلی زدہ انتخاب تھا۔

انہوں نے اپنے حامیوں کو امید دلاتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے، ہم ہی کامیاب ہوں گے کیونکہ یہ دھاندلی زدہ الیکشن تھا۔

اس سے قبل امریکی صدرنے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں کاسٹ کیے گئے 20 لاکھ سے زائد ووٹ ضائع کردیےگئے جب کہ ان کی جانب اس کے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔

امریکاکے وفاقی الیکشن حکام نے  دھاندلی کا الزامات کو مسترد کرتے ہوئےکہا ہےکہ 2020 کے صدارتی انتخاب امریکی تاریخ کے سب سے محفوظ ترین الیکشن ہیں۔

خیال رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر واضح اکثریت حاصل ہے تاہم اب تک سرکاری سطح پر انتخابی نتائج کا اعلان نہیں ہو سکا ہے۔

مزید خبریں :