Time 17 نومبر ، 2020
پاکستان

بلوچستان: کورونا کے باعث موسم سرما کی تعطیلات جلد کرنے کا اعلان

بلوچستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ  کے باعث تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات جلد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم بلوچستان سردار  یار محمد رند کا کہنا ہےکہ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات یکم دسمبر سے ہوں گی اور نیا تعلیمی سال 3 ماہ کی تعطیلات کے بعد مارچ میں شروع کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا خصوصی اجلاس ہوا تھا جس میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران تعلیمی اداروں میں کیسز کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات نومبر سے جنوری تک کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کرے گی۔

وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ بچوں اور اساتذہ کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے البتہ ابھی اسکول بند کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں سے متعلق جو فیصلہ ہوگا اس پر سب کو عمل کرنا ہوگا۔

بعد ازاں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردیا گیا اور اسکولوں کی بندش سے متعلق فیصلہ ایک ہفتے بعد کیا جائے گا۔

مزید خبریں :