امریکی بائیوٹیک کمپنی کا کورونا ویکسین 94 فیصد تک مؤثر ہونے کا دعویٰ

فائل فوٹو

امریکی بائیوٹیک کمپنی موڈرنا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی تیار کردہ ویکسین کورونا وائرس سے 94.5 فیصد تک تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی کمپنی موڈرنا کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے تیار کی جانے والی کووڈ-19 کی ویکسین آزمائشی مرحلے میں 94.5 فیصد تک مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

موڈرنا سے قبل ایک اور کمپنی فائزر نے بھی یہی دعویٰ کیا تھا کہ ان کی جانب سے تیار کی جانے والی کورونا وائرس ویکسین بھی اتنی ہی مؤثر ہے۔

امریکی بائیو ٹیک کمپنی موڈرنا کے سی ای او اسٹیفین بینسیل کا کہنا ہے کہ یہ ایک اہم سنگ میل ہے، ایک ہی ہفتے میں دو مختلف کمپنیوں کی جانب سے کووڈ-19 کی ویکسین مؤثر ثابت ہونا تسلی بخش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تیسرے مرحلے کے بعد سامنے آنے والے نتائج سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ ہماری ویکسین وبا سے تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔

ویکسین کے ٹرائل کے دوران امریکا میں 30 ہزار افراد کو 4 ہفتوں کے وقفے سے 2 خوراکیں دی گئیں جب کہ باقی لوگوں کو ڈمی انجیکشن لگائے گئے تھے۔

موڈرنا کو یہ امید ہے کہ ویکسین کی اگلے سال دنیا بھر میں ایک بلین خوراک دستیاب ہو سکیں گی۔

مزید خبریں :