دنیا
Time 18 نومبر ، 2020

انتخابات شفاف قرار دینے پر ٹرمپ نے ڈائریکٹر ہوم لینڈ سائبر سیکیورٹی کو برطرف کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کو شفاف ترین قرار دینے پر ڈائریکٹر ہوم لینڈ سائبر سیکیورٹی اینڈ انفرا اسٹرکچر کرسٹوفر کربز کو عہدے سے فارغ کر دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی انتخابات کے دوران سائبر سیکیورٹی کے معاملات دیکھنے والے افسر کرسٹوفر کربز کو برطرف کرنے کا حکم سوشل میڈیا کے ذریعے جاری کیا۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے ہوم لینڈ سیکیورٹی سائبر اینڈ انفرا اسٹرکچر کے سربراہ کو 3 نومبر کو ہونے والے انتخابات کے حوالے سے ان کے ادارے کی جانب سے لکھے گئے ایک کالم کے باعث عوامی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔

اس بلاگ میں کرسٹوفر کربز کے ادارے نے امریکی انتخابات کے حوالے سے فراڈ اور ہیکنگ کے الزامات کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا تھا، یہ الزامات زیادہ تر ڈونلڈ ٹرمپ یا ان کے وکلاء کی جانب سے لگائے گئے تھے۔

صدارتی الیکشن کو امریکی تاریخ کے شفاف ترین انتخابات قرار دینے والے افسر کرسٹوفر کربز کا معطلی کے بعد امریکی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے اور میری ٹیم نے سی آئی اے ایس کے لیے کام کیا، ہم نے بہترین کام کیا۔

خیال رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو ری پبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ پر ناقابل شکست برتری حاصل ہے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :