18 نومبر ، 2020
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ 13 دسمبر کو لاہور میں ہونے والے جلسے کے لیے ہمیں حکومت کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔
ماڈل ٹاون لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کیا حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے لیے کیا ہم حکومت سے ہی اجازت لیں گے؟
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ جلسے جلوس حکومت کے خلاف تحریک کا پہلا مرحلہ ہے جب کہ حکومت مخالف تحریک کا دوسرا مرحلہ فیصلہ کن ہو گا۔
رہنما ن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ نیب کے بعد اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے کو جعلی کیسز بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، حکمران ٹولے کی انتقام کی آگ ٹھنڈی ہی نہیں ہو رہی ہے۔
جسلے جلوسوں میں کورونا پھیلنے سےمتعلق سوال پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا ہم حکومتی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں، اپنے پروگرام پر عملدرآمد جاری رکھیں گے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ حکومتیں اپنے آخری دنوں میں ایسے ہتھکنڈے استعمال کرتی ہیں، لیکن ہم ایسے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ جرات کے ساتھ اپنے پروگرام کو آگے بڑھائیں گے اور کامیاب بھی ہوں گے۔
واضح رہے کہ حکومت مخالف پی ڈی ایم 13 دسمبر کو جلسہ مینار پاکستان لاہور پر جلسہ کرنے جا رہی ہے جلسے کے لیے پرویز ملک کی سربراہی میں پارٹی عہدیداروں اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔