پاکستان
Time 19 نومبر ، 2020

مشال کے قتل پر سزائے موت پانے والے مجرم کی سزا عمر قید میں تبدیل

پشاور ہائیکورٹ نےمشال قتل کیس میں مجرم کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم عمران کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔

عدالت نے 25 ملزمان کی ضمانت پر رہائی کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دے دیا اور تمام 25 ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

پشاور ہائیکورٹ نے 7 ملزمان کی عمر قید کی سزا کو بحال رکھا ہے۔ 

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس لعل جان خٹک اور جسٹس عتیق شاہ نے 30 ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، مجرموں نے پشاور ہائیکورٹ میں انسداد دہشتگردی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیلیں کی تھیں۔

عدالت نے مذکورہ 25 ملزمان کی 3 سال کی سزا بھی برقرار رکھی ہے۔

خیال رہے کہ مشال خان کو تین سال قبل عبدالولی خان یونیورسٹی میں تشدد کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

7 فروری 2018 کو ایبٹ آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے مشال خان قتل کیس کا فیصلہ ہری پور سینٹرل جیل میں سنا تھا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج فضل سبحان نے فیصلہ سناتے ہوئے 58 گرفتار ملزمان میں سے ایک ملزم عمران کو قتل کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

عدالت نے 5 ملزمان میں سے فضل رازق، مجیب اللہ، اشفاق خان کو عمر قید جب کہ ملزمان مدثر بشیر اور بلال بخش کو عمر قید کے ساتھ ساتھ ایک، ایک لاکھ روپے جرمانے کی بھی سزائیں سنائیں تھیں۔

مزید خبریں :