21 نومبر ، 2020
24 سالہ ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم نے مسلسل نظر انداز کیے جانے پر پاکستان کرکٹ کو الوداع کہنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کےمطابق سمیع اسلم اگلے 10 روز میں امریکا روانہ ہو جائیں گے اور اس حوالے سے سفر اور رہائش کیلئے ضروری کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹر سمیع اسلم امریکا میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں گے اور وہ مقررہ مدت پوری کرنے کے بعد امریکا کی جانب سے کھیلنے کے اہل ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ سمیع اسلم کا امریکا کرکٹ کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے اور وہ 2 سال اور 10 ماہ امریکا میں گزارنے کی شرط پوری کریں گے، اس دوران وہ مقامی طور پر کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق سمیع اسلم ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس کے باوجود موقع نہ ملنے پر مایوس ہیں، وہ قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ سے پہلے دستبردار ہو چکے ہیں جبکہ انہوں نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون سے بھی دستبرداری اختیار کی تھی۔
سمیع اسلم رواں سیزن میں بلوچستان کی ٹیم میں شامل تھے۔
سمیع اسلم کے علاوہ دیگر کئی ممالک کے کرکٹرز بھی امریکا کی جانب سے کھیلنے کا عمل شروع کر چکے ہے۔
خیال رہے کہ سمیع اسلم نے 13 ٹیسٹ اور 4 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔