جنگی اور ایٹمی بحری جہازوں کے پاکستانی حدود میں داخلے کیلئے پیشگی اجازت لازمی قرار

وفاقی حکومت نے سمندری حدود میں ملکی سیکیورٹی اور سالمیت سے متعلق 'میری ٹائم زونز ایکٹ 2020' کی منظوری دے دی۔

دستاویز کے مطابق میری ٹائم زونز ایکٹ 2020 کے تحت غیر ملکی جنگی اور ایٹمی بحری جہازوں کے پاکستانی حدودمیں داخلےکے لیے پیشگی اجازت لازم قرار دی گئی ہے اور آئندہ سے غیر ملکی سب میرینز اور دیگر واٹر وہیکلز کا داخلہ بھی وفاقی حکومت کی پیشگی اجازت سے ہوگا۔

نئے ایکٹ کے مطابق پاکستانی حدود میں پاکستان کےدفاع سے متعلق معلومات اکھٹی کرنے اور اسلحے کے استعمال پربھی کارروائی ہوگی، اس کے علاوہ کرنسی، افراد کی لوڈنگ، ان لوڈنگ، ریسرچ اور سروے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

خلاف ورزی کے مرتکب بحری جہازکو قبضے میں لےکر قانونی کارروائی کی جائےگی اور میری ٹائم زونز ایکٹ 2020کی خلاف ورزی پر5 سال قید اوربھاری جرمانہ ہوگا۔

دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے سمندری حدود کا تعین کیا جائےگا اور ساحل کے اطراف موجود پانی کوپاکستان کاداخلی پانی قراردیاجائےگا۔

مزید خبریں :