پاکستان
Time 22 نومبر ، 2020

پاکستان میں بچوں کی تعلیم کو فروغ دینے کیلیے 'ریڈیو اسکول' کا انعقاد

فوٹو: فائل

حکومت پاکستان کی جانب سے عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران بچوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے 'ریڈیو اسکول' کا انعقاد کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزارت تعلیم اور ریڈیو پاکستان کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت ریڈیو کے ذریعے بچوں کی تعلیم کو فروغ دیا جائے گا۔

شفقت محمود نے بتایا کہ ریڈیو اسکول کے تحت روزانہ 4 گھنٹے تعلیمی مواد نشر کیا جائے گا۔

ریڈیو پاکستان پر تعلیمی مواد صبح 10 سے 12 بجے تک نشر کیا جائے گا جب کہ یہ پورے ہفتے دوپہر 2 سے 4 بچے رپیٹ بھی کیا جائے گا۔

اس پروگرام کے حوالے سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کے وژن کے عین مطابق کیا گیا ہے تاکہ کورونا وائرس کے دوران ملک کے ہر کونے تک لوگوں کو تعلیم فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل اپریل میں وزارت تعلیم اور پی ٹی وی کے اشتراک سے 'ٹیلی اسکول' لانچ کیا گیا تھا جس سے تقریباً 80 لاکھ بچے مستفید ہو رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت جلد ہی ای-ایجوکیشن پورٹل شروع کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے جس کے ذریعے عوام صرف ایک کلک کے ذریعہ 'ٹیلی اسکول' اور 'ریڈیو اسکول' کے پروگراموں تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

مزید خبریں :