10 فروری ، 2012
پشاور … پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال سے 4 افراد کو سپریم کورٹ اسلام آباد میں پیش کرنے کے لئے منتقل کردیا گیا ہے۔ ایجنسیوں کی تحویل میں 4 افراد کو پشاور کے اسپتال سے عدالتی حکم پر سپریم کورٹ میں پیش کرنے کے لئے منتقل کردیا گیا ہے۔ عدالت میں پیش کرنے کے لئے منتقل کئے جانے والے چاروں قیدیوں کے چہرے کپڑوں سے ڈھانپے گئے تھے جبکہ انہیں منتقل کرنے والے افراد نے بھی اپنے منہ ڈھاٹے باندھ کر چھپائے ہوئے تھے۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال سے منتقل کئے جانے والے افراد میں سے تین وہیل چیئر پر تھے جبکہ چوتھے شخص کو بھی سہارا دے کر ایمبولینس میں بٹھایا گیا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ایجنسیوں کی تحویل میں موجود تمام افراد کو آج ہر صورت میں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔