22 نومبر ، 2020
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے دادی شمیم اخترکے انتقال پر والد نواز شریف کو وطن واپسی سے متعلق اہم مشورہ دیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے سر سے ماں کا دعاؤں بھرا سایہ اٹھ گیا۔
انہوں نے کہا کہ دادی کے انتقال کی خبر فون سروسز معطل ہونے کی وجہ سے دو گھنٹے تاخیر سے ملی جس کے بعد میں فوراً لاہور کیلئے روانہ ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے والد اور گھر والے مسلسل رابطے کی کوشش کرتے رہے مگر رابطہ نہ ہو سکا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کسی حکومتی شخصیت میں اتنی انسانیت نہیں تھی کہ مجھ تک دادی کی وفات کی اطلاع پہنچا دیتے۔
والد کی واپسی سے متعلق لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ’میں نے نواز شریف سے درخواست کی ہے کہ وطن بالکل واپس نہ آئیں، یہ ظالم اور انتقام میں اندھے لوگ ہیں جن سے کسی بھی قسم کی انسانیت کی توقع نہیں‘۔
خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر لندن میں انتقال کر گئی ہیں۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز اس وقت لاہور کی جیل میں قید ہیں۔
مریم نواز کو بھی دادی کے انتقال کی اطلاع پشاور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسہ عام میں دی گئی جس پر وہ فوری طور پر جلسہ گاہ سے لاہور روانہ ہوئیں۔