Time 24 نومبر ، 2020
پاکستان

کراچی کے تاجروں کا حکومت کی کورونا ایس او پیز ماننے سے انکار

کراچی کے تاجروں نے سندھ حکومت کی جانب سے جاری کی گئی نئی کورونا ایس او پیز کو ماننے سے انکار کر دیا۔

کراچی کی بولٹن مارکیٹ ایسوسی ایشن نے حکومت کے صبح 6 سے شام 6 بجے تک کاروبار کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے۔

کراچی کی بولٹن مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر جاوید قریشی کا کہنا ہے کہ چھوٹا تاجر پہلے ہی پس چکا ہے، حکومت سے فیصلوں پر نظر ثانی کی اپیل کرتے ہیں۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت خصوصا چھوٹا تاجر اس کا متحمل نہیں ہو سکتا، قلیل دورانیے سے بازار میں رش بڑھےگا، جو کورونا کو بڑھائے گا۔

جاوید قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں کر سکتے، مزاحمت کرنا پڑی تو کریں گے۔

تاجر رہنما رفیق جدون نے کہا کہ کورونا پورے ملک میں ہے، اللہ سب کی حفاظت کرے، لیکن صبح 6 سے شام 6 تک کاروبار کھولنے کا فیصلہ انتہائی مایوس کن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کاروبار پہلے ہی نہیں ہے، مشکل سے گزارا ہو رہا ہے، پورے شہر کو بند کرنا مناسب نہیں ہے۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت نے کورونا کیسز کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر نئی ایس او پیز جاری کی ہیں جس کے تحت کاروباری مراکز صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کھولے جا سکیں گے۔

مزید خبریں :