رضوان نے نیوزی لینڈ میں 3 ہندسوں پر نظریں مرکوز کر لیں

— محمد رضوان/جیو نیوز فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین اور ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان نے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں 3 فیگرز میں اسکور کرنے پر نظریں مرکوز کرلی ہیں۔

تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل جیو کو دیئے گئے انٹرویو میں 28 سالہ وکٹ کیپر نے کہا کہ سیریز کے لیے ڈبل محنت کرنا ہوگی کیوں کہ پہنچ کر شروع میں ہم کمروں میں محدود رہیں گے، کورونا کی صورتحال میں چیزیں اور مشکل ہوتی ہیں اور نیوزی لینڈ کی سیریز مشکل سیریوں میں سے ایک سیریز ہے جس کے لئے ڈبل محنت کرنا پڑے گی ، محنت کی تو رزلٹ ضرور ملے گا۔

پاکستان کی جانب سے 2016 میں ڈیبیو کرنے والے محمد رضوان 2019 میں پاکستان ٹیم کے مستقبل وکٹ کیپر بنے کچھ روز قبل انہیں ٹیسٹ ٹیم کا نائب کپتان بھی مقرر کردیا گیا تھا۔

 رضوان نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی نمائندگی کرنا ایک فخر کی بات ہے اور انہیں ساتھ ساتھ نائب کپتانی بھی مل گئی جسےوہ بھرپور انداز میں نبھانے کی کوشش کریں گے، بطور وکٹ کیپر ویسے بھی کردار یہی ہوتا ہے کہ ٹیم کو مشورے دیتے رہیں ، اب ان کا ان پٹ اور بھی بڑھ جائے گا اور پوری کوشش کریں گے کہ بابر اعظم کو سپورٹ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیبیو کے بعد سے مستقبل وکٹ کیپر بننے کے وقت تک کا انتظار کرنا پڑا لیکن یہ پاکستان میں فطری بات ہے، بائیس کروڑ کے ملک میں ایک پلیئر وکٹ کیپر بنتا ہے اور جب اس کو ذمہ داری ملتی ہے تو وہ طویل مدت کے لیے ملتی ہے، ان سے پہلے سرفراز احمد نے طویل عرصہ یہ ذمہ داری نبھائی اور سررفراز سے پہلے دیگر وکٹ کیپر بھی طویل عرصہ ٹیم کے ساتھ رہے۔

رضوان نے کہا کہ انہوں نے کبھی ہمت نہیں ہاری اور محنت کا سلسہلہ جاری رکھا ۔ چاہے کلب کا میچ ہو یا انٹرنیشنل میچ، محنت پوری کی۔ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اور شائد یہ وقت ہی تھا کہ جب ان کو موقع ملنا تھا۔

رضوان کا کہنا تھا کہ انہیں محسوس ہورہا ہے کہ ان کی پوزیشن اب اچھی ہے اور وہ ٹیم کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ایک سوال پر نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کے اس بار نیوزی لینڈ کی سیریز میں تھری فیگرز میں اسکور کرنا ان کا ہدف ہے، کوشش ہوگی کہ بطور بیٹسمین اور بطور وکٹ کیپر اچھی کارکردگی دکھا کر ٹیم کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔

مزید خبریں :