24 نومبر ، 2020
کراچی میں کورونا ضابطہ کار (ایس او پیز) کی خلاف ورزی پر بڑے بڑے مال اور دکانیں سیل کردی گئیں۔
سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے کی دوسری لہر کے پیش نظر تمام کاروباری مراکز شام 6 بجے بند کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں تاہم تاجروں نے اس اعلان کو مسترد کردیا۔
آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کا کہنا تھا کہ کاروباری مراکزشام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ غیرمناسب ہے لہٰذا رات 8بجے تک کاروبار کی اجازت اورہفتہ وارچھٹی صرف اتوار تک محدود رکھی جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتی سطح پر تاجروں کو مفت ماسک تقسیم ماسک کیے جائیں، پولیس اور انتظامیہ کو تاجروں کے خلاف بلاجواز جرمانوں سے روکا جائے۔
دوسری جانب کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری ہیں۔ شام 6 بجے کاروباری مراکز بند نہ ہوئے تو انتظامیہ حرکت میں آئی۔
اسسٹنٹ کمشنر فیروزآباد ارسلان سلیم کے مطابق طارق روڈ پر ڈالمن مال کو سیل کردیا گیا، مال کومقررہ وقت سے زائد کھلے رہنے پر سیل کیا گیا اور مال انتظامیہ پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) سینٹرل نے ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، گلبرک، لیاقت آباد اور نیوکراچی میں کارروائیاں کی ہیں۔
ڈی سی سینٹرل کے مطابق ڈالمن مال نارتھ ناظم آباد میں 53 دکانیں، صائمہ پری مال میں 320 دکانیں سیل کی گئی ہیں جبکہ کپڑوں اور الیکٹرانکس کی دیگر 17 دکانیں بھی سیل کی گئیں۔
اُدھر سندھ حکومت نے صوبے بھر میں مزارات بند کردیے ہیں۔ محکمہ اوقاف سندھ نے مزارات 31 جنوری تک بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے 48 اموات ہوئی ہیں اور 2954 کیسز سامنے آئے ہیں۔