25 نومبر ، 2020
پاکستان نے بھارتی دہشتگردی کےخلاف ڈوزیئر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوپیش کردیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے کہا کہ بھارت سی پیک کو سبوتاژ کرنےکے لیے پاکستان میں دہشتگردی کروارہا ہے، بھارت نے سی پیک منصوبےکو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل کے رکن ممالک اور اقوام متحدہ کے متعلقہ ذیلی اداروں کو بھی ڈوزیئرپیش کریں گے۔
دوسری جانب جیونیوز کے نمائندے عظیم ایم میاں سے خصو صی گفتگو میں منیر اکرم کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس اپنے دفاع کےلیےکچھ نہیں، ہمارے ڈوزیئر میں ثبوت پیش کیےگئے ہیں اور انہیں مسترد نہیں کیاجاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کےالزامات بہت کمزور سے ہیں اور اس کے ثبوت نہیں ہیں، ہمارے خطے میں کافی عرصے سےعدم استحکام ہے اور بھارت کے 5 اگست کے اقدام سے سکیورٹی صورتحال نازک ہوگئی ہے جب کہ یو این سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے اراکین کو اس کا اندازہ ہے۔
مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں مسئلہ کشمیراوربھارتی دہشتگردی کے مسئلےکا پرامن حل نکلے،مسئلہ کشمیرپر سلامتی کونسل میں گزشتہ سال 3 مرتبہ بحث ہوئی، عالمی برادری چاہتی ہے کہ دونوں اطراف سے تحمل کا مظاہرہ کیا جائے، ہماری طرف سے ہمیشہ ایک ذمہ دارانہ پالیسی رہی ہے، اقوام متحدہ میں اختیار صرف سلامتی کونسل کو ہےکہ وہ کوئی ایکشن لے سکے اور ایکشن کےلیے سلامتی کونسل کے 5 مستقل اراکین میں اتفاق رائے ہوناچاہیے۔