دنیا
Time 25 نومبر ، 2020

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں توڑ پھوڑ کردی؟

امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے اب تک باضابطہ طور پر شکست تسلیم نہیں کی ہے۔

البتہ گزشتہ دنوں انہوں نے اقتدار کی منتقلی کے انتظامات کرنے کی ہدایات ضرور کی ہیں جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ وہ اپنی شکست مان چکے ہیں تاہم عوام کے سامنے اس کا اعتراف کرنے سے ہچکچا رہے ہیں۔

دراصل جو ویڈیو وائرل ہورہی ہے وہ 2017 کی ہے جس میں برطانوی کامیڈی چینل سے پروگرام کرنے والے 'ڈمی ٹرمپ' اپنے دفتر میں توڑ پھوڑ کررہے ہیں— فوٹو: فائل

ٹرمپ کی جانب سے شکست تسلیم نہ کیے جانے پر سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں اور دلچسپ میمز بھی وائرل ہورہے ہیں۔ کوئی کہہ رہا ہے کہ ٹرمپ وائٹ ہاؤس نہیں چھوڑنا چاہتے تو کوئی کہہ رہا ہے کہ ٹرمپ وائٹ ہاؤس کو ہی خرید لیں گے اور ہمیشہ یہیں رہیں گے۔

کچھ صارفین کہہ رہے ہیں کہ ٹرمپ وائٹ ہاؤس چھوڑنے سے قبل اسے برباد کردیں گے اور ساری چیزیں توڑ کر بائیڈن کے حوالے کریں گے۔ اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں مبینہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کو اوول آفس میں توڑ پھوڑ کرتے دکھایا گیا ہے۔

تو کیا واقعی ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دفتر میں توڑ پھوڑ کی ہے؟ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے اس معاملے میں 'حقائق کی جانچ' کی ہے اور معلوم ہوا ہے کہ ایسا کچھ بھی نہیں۔

دراصل جو ویڈیو وائرل ہورہی ہے وہ 2017 کی ہے جس میں برطانوی کامیڈی چینل سے پروگرام کرنے والے 'ڈمی ٹرمپ' اپنے دفتر میں توڑ پھوڑ کررہے ہیں۔ ویڈیو میں ڈمی ٹرمپ کا چہرہ دھندلا کردیا گیا ہے تاکہ دیکھنے والے کو یہی لگے کہ یہ اصلی ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔

تو اگلی بار آپ ایسی کوئی ویڈیو دیکھیں تو اسے فارورڈ کرنے سے پہلے Fact Check یعنی حقائق کی جانچ ضرور کرلیں۔

مزید خبریں :