25 نومبر ، 2020
پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز کورونا ٹیسٹ کرایا ہے جس کی رپورٹ ابھی تک نہیں آئی، جمعے کو ان کی بہن کی منگنی ہے اور شرکت کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی بڑی بیٹی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب جمعہ کی شام بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگی۔ تقریب میں شریک مہمانوں سمیت بلاول ہاؤس میں تعینات عملے کو کرونا ٹیسٹ لازمی کرانا ہوگا۔
اس سلسلے میں محمود چوہدری کے خاندان کے افراد جمعرات کو کراچی پہنچیں گے۔ منگنی کی تقریب بلاول ہاؤس کے اوپن ایریا میں ہو گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کیٹرنگ کمیٹی کے تعینات اسٹاف کو بھی کرونا ٹیسٹ لازمی کرانا ہوگا جبکہ سجاوٹ کرنے والے عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام کام کل رات تک مکمل کر لیں۔
ذرائع کے مطابق تقریب کے تمام انتظامات سے سابق صدر آصف علی زرداری مکمل آ گہی رکھے ہوئے ہیں اور تمام مہمانوں کو کرونا کی صورتحال کے پیش نظر مکمل ایس او پیز پر مکمل عمل کرنا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول ہاؤس میں تعینات عملے کے تمام ارکان کے کرونا ٹیسٹ کے لیے سیمپل لے لیے گئے ہیں۔