دنیا
Time 25 نومبر ، 2020

سعودی عسکری اتحاد نے بحیرہ احمر میں آئل ٹینکر پر حملہ ناکام بنادیا

بارودی مواد پھٹنے سے قریب سےگزرنے والے ایک تجارتی بحری جہاز کو معمولی نقصان پہنچا ہے ، ترجمان سعودی عسکری اتحاد،فوٹو: فائل

یمن جنگ میں شریک سعودی عسکری اتحاد نے بحیرہ احمر میں دہشت گردی کی کارروائی ناکام بناتے ہوئے بارود سے بھری حملہ آور کشتی کو تباہ کردیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عسکری اتحاد کے ترجمان کاکہنا ہےکہ یمنی سمندری حدود سے آنے والی لانچ میں دھماکا خیز مواد لداہوا تھا اور یہ کشتی بحیرہ احمر میں دہشتگردی کی کارروائی کرناچاہتی تھی۔

ترجمان سعودی عسکری اتحادکاکہنا ہےکہ بروقت کارروائی کرکےکشتی کو تباہ کردیا گیا ہے جب کہ کشتی پر موجود بارودی مواد پھٹنے سے قریب سےگزرنے والے ایک تجارتی بحری جہاز کو نقصان پہنچا ہے۔

سعودی عسکری اتحادکاکہنا ہےکہ حوثی ملیشیا بحیرہ احمر میں سمندری راہداری کے لیے خطرہ بن چکی ہے جوکہ بین الاقوامی تجارت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی کمپنی نے خبرایجنسی کو بتایا ہےکہ ایک یونانی جہاز راں کمپنی کے آئل ٹینکر کو سعودی بندرگاہ کے قریب دھماکا خیز مواد سے نقصان پہنچا ہے۔

خبرایجنسی کے مطابق واقعے میں آئل ٹینکرکا سطح سمندر کے قریب موجود حصہ متاثر ہوا ہے اور اسے معمولی نقصان پہنچا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق یونانی جہاز راں کمپنی کا کہنا ہےکہ جہاز خطرے سے باہر ہے اور اس سے کسی قسم کی سمندری آلودگی کا خدشہ نہیں ہے۔

مزید خبریں :