26 نومبر ، 2020
ملتان میں پی ڈی ایم جلسے سے قبل پیپلز پارٹی کے گرفتار سابق ایم این اے موسیٰ گیلانی اور ان کے ساتھیوں کی ضمانت منظور کر لی گئی۔
ملتان میں گزشتہ روز پی ڈی ایم جلسے کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی جس پر سابق ایم این اے موسیٰ گیلانی کو کارکنوں سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔
موسیٰ گیلانی پر کار سرکار میں مداخلت اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا۔
موسیٰ گیلانی کو آج بروز جمعرات تھانہ چہیلیک پولیس نے ساتھیوں سمیت اسپیشل مجسٹریٹ جواد ظفر کی عدالت میں پیش کیا جہاں اسپیشل مجسٹریٹ نے موسیٰ گیلانی سمیت تمام گرفتار افراد کی ضمانت منظور کر لی۔
موسیٰ گیلانی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد احاطہ عدالت میں جمع تھی اور نعرے بازی کرتی رہی جب کہ ضمانت منظور ہونے پر موسی گیلانی کو پھولوں کے ہار بھی پہنائے گئے۔
اس موقع پر موسیٰ گیلانی کا کہنا تھا کہ گرفتاریاں ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتیں اس سے ہمارے حوصلہ اور بلند ہوئے ہیں، 30 نومبر کو ہر حال میں پی ڈی ایم جلسہ ہو گا اور کارکن تیار رہیں۔
واضح رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے کورونا کے باعث ریلیوں پر پابندی کے باوجود علی موسیٰ گیلانی کے خلاف ریلی نکالنے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے 30 رہنما اور 50 نامعلوم کارکنوں کے خلاف ایف آئی ار درج کی گئی۔