Time 27 نومبر ، 2020
پاکستان

عوام کورونا کے خطرے کے باوجود حکومت سے نجات چاہتے ہیں: رانا ثناء اللہ

لاہور: مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ کورونا کے خطرے کے باوجود عوام حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔

ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ حکمران نفرت کی آگ میں جل رہے ہیں، اگر حکمرانوں نے اس روش کو نہ بدلا تو سب اس کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔

ملتان جلسے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ملتان جلسہ ہر صورت ہوگا، اگر قاسم باغ کو نہ کھولا گیا تو پھر پورے ملتان میں جلسہ ہو گا۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ عوام اور پی ڈی ایم قائدین کو کچھ ہوا تو مقدمہ عمران خاں کے خلاف درج کرائیں گے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز طے شدہ پروگرام کے مطابق ملتان کے جلسے میں شریک ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کورونا کے خطرے کے باوجود حکومت سے نجات چاہتے ہیں، پی ڈی ایم کا پہلا مرحلہ پر امن مکمل ہوگا، دوسرے مرحلے میں نئی حکمت عملی کے ساتھ آئیں گے۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم 30 نومبر کو ملتان کے قاسم باغ میں جلسہ کرنے جارہی ہے لیکن پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا کے پیش نظر اپوزیشن اتحاد کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

مزید خبریں :