Time 29 نومبر ، 2020
پاکستان

یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم کو ایک ماہ کیلیے جیل بھیج دیا گیا

فوٹو: فائل

ملتان: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی کو ایک ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔

علی قاسم گیلانی کو گزشتہ رات ملتان پولیس نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریلی نکالنے پر گرفتار کیا تھا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ علی قاسم گیلانی نے کورونا کی خلاف ورزی کی اور عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ علی قاسم گیلانی قاسم اسٹیڈیم میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں، جس کی اجازت نہیں ہے۔

حکومتی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جلسہ کرنا کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی ہے، علی قاسم گیلانی لوگوں کو جلسے کے لیے اکسا رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے علی موسیٰ گیلانی کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کوفہ کی سیاست سے مدینے کی ریاست نہیں بن سکتی۔

خیال رہے کہ 30 نومبر کو پی ڈی ایم نے ملتان کے قاسم باغ میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے لیکن حکومت کی جانب سے جلسے جلوس نکالنے پر پابندی عائد ہے۔

گزشتہ روز پورا دن ملتان کا قاسم باغ اسٹیڈیم میدان جنگ بنا رہا اور پولیس اور پی ڈی ایم کارکنوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔

پولیس نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پیپلز پارٹی کے رہنما علی قاسم گیلانی سمیت 30 افراد کو گرفتار کیا جب کہ پیپلز پارٹی کے 370 سے زائد افراد کے خلاف تھانہ لوہاری گیٹ میں مقدمہ درج کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علی قاسم گیلانی سمیت دیگر کارکنا پر مقدمہ قاسم باغ اسٹیڈیم کے دروازے توڑنے اور کنٹیرز ہٹانے پر درج کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :