30 نومبر ، 2020
سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی چھوٹی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری آج پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر اپنی سیاسی اننگز کا آغاز کریں گی۔
آصفہ بھٹو زرداری ملتان میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (یی ڈی ایم) کے جلسے میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی نمائندگی کریں گی اور شرکاء سے خطاب بھی کریں گی۔
کورونا میں مبتلا بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کریں گے جب کہ مریم نواز آج لاہور سے ملتان روانہ ہوں گی اور جلسے میں شرکت کریں گی۔
خیال رہے کہ حکومت نے پی ڈی ایم کو ملتان میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے لیکن اس کے باوجود اپوزیشن اتحاد نے ہر صورت کہنہ قاسم باغ میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
گزشتہ روز پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دیگر قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ڈی ایم کارکنان تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے ہر صورت جلسہ گاہ پہنچیں، اگر پولیس والے ڈنڈوں کا استعمال کریں تو کارکنان بھی ڈنڈوں کا استعمال کریں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے دور میں ہمارا مقابلہ ایسی سیاسی قیادت سے ہے جس نے آج تک جمہوری جدوجہد کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن این آر او کے لیے آخری دباؤ ڈال رہی ہے جو انہیں کسی صورت نہیں ملے گا۔