30 نومبر ، 2020
اسلام آباد: وفاقی وزرا نے پی ڈی ایم کی جانب سے ملتان جلسہ ہر صورت کرنے کے اعلان پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ قانون کی حکمرانی برقرار رکھے، ہم جلسے میں آنے والوں کی جان و مال کی حفاظت کر رہے ہیں، ہمیں آنسو گیس چلانے کا شوق نہیں ہے۔
وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ اپوزیشن ملک کو انتشار کی طرف لےکر نہ جائے، شور مچانے اور جلسے جلوسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں، چند ہزار لوگوں سے جلسہ گاہ بھر دینا کوئی کارنامہ نہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید نے اپوزیشن کی تحریک کو چند لوگوں کی کرپشن بچانے کی مہم قرار دے دیا۔
فیصل جاوید نے کہا کہ یہ عمران خان سے این آر او لینے کی نا کام کوشش ہے، یہ کورونا کی سنگین صورتحال میں زندگیوں سےکھیلنےکاپلان ہے، یہ پاکستان کی ابھرتی ہوئی معیشت پر حملہ ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے ملتان میں آج یعنی 30 نومبر کو جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم حکومت کی جانب سے جلسے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔