دنیا کا پہلا جراثیم کش اور واش ایبل فون تیار

فوٹو بشکریہ:بلٹ اٹ

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دنیا بھر میں نت نئی دریافتوں کا سلسلہ جاری ہے اور ایسے میں موبائل فون سے متعلق ماہرین کا یہ انکشاف کہ اسمارٹ فون کی اسکرین بھی کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے یہ کسی مشکل صورتحال سے کم نہیں۔

ایک ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں سماجی روابط کے طور پر اسمارٹ فون کا استعمال ناگزیر ہے توکورونا سے بچاؤ کے طور پر موبائل فون سے دوری ناممکن ہے۔

لہٰذا اس مشکل صورتحال پر قابو پانے کے لیے برطانوی کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے دنیا کا پہلا جراثیم کش اینٹی مائیکروبیئل اسمارٹ فون تیار کرلیا ہے۔

انگلینڈ کی بلٹ اٹ نامی کمپنی کے مطابق اسمارٹ فون کو جراثیم کش بنانے کے لیے فون کی تیاری میں سلور آئن شامل کیے گئے جس کے تحت اسمارٹ فون 15 منٹ میں بیکٹریا کی تعداد کو 80 فیصد اور 24 گھنٹے کے اندر اندر 99.9 فیصد تک ختم کردیتا ہے۔

فوٹو: بشکریہ بلٹ اٹ

کیٹ ایس 42 نامی یہ فون امریکن برانڈ کیٹرپلر کی جانب سے تیار کیا گیا ہے اور کمپنی کی جانب سے موبائل فون کی قیمت 229 پاؤنڈ طے کی گئی ہے تاہم دنیا کے پہلے جراثیم کش اسمارٹ فون کو 2021 میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

 کمپنی کے مطابق اسمارٹ فون کی آئی پی 68 ریٹنگ سے مراد اسمارٹ فون کا دھول اور پانی سے مکمل محفوظ ہونا ہے، یہی وجہ ہے کہ کمپنی صارفین کو نل کے نیچے موبائل فون دھونے یا صاف کرنے کی بھی اجازت دیتی ہے۔

کیٹ ایس42 اسمارٹ فون کی تیاری میں بائیو ماسٹر اینٹی مائیکرو ٹیکنالوجی تہہ کا اضافہ کیا گیا ہے یہ تہہ موبائل فون کے ذریعے جراثیم کے پھیلاؤ کو کم کرتی ہے۔

اس کے باوجود کمپنی دعویٰ کرتی ہے کہ ان کا اسمارٹ فون مکمل طور پر واٹر پروف ہے جس کی صفائی کے لیے صارف صابن کے ساتھ ساتھ بلیچ کا استعمال بھی کرسکتے ہیں۔

بلٹ اٹ گروپ کے نائب صدر پیٹر کننگھم کا کہنا ہے کہ شعبہ صحت اور اسپتالوں میں کام کرنے والے کارکنوں( یا پھر ایسے افراد جو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے کے لیے مختلف جگہوں پر جاتے ہیں) کے لیے ان کا فون حیات بخش ہے۔

کمپنی کے نائب صدر کے مطابق موجودہ ماحول میں کیٹ ایس 42 اسمارٹ فون صارف کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔

مزید خبریں :